بیلسٹک میزائل نصر کا کا میاب تجربہ کولڈ سٹارٹ پر ٹھنڈا پانی پھیر دیا جنگ کوئی آپشن نہیں :آرمی چیف
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بیلسٹک میزائل نصر کامیاب تجربہ کرلیا۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زمین سے زمین پر کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی لانچنگ کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نصر میزائل نے بھارت کے جنگی نظریے کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ہی امن کی ضمانت ہے، انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ جنگ بھی کوئی آپشن ہے، ہماری دفاعی صلاحیت کا واحد مطلب یہ ہے کہ کوئی ہم سے جنگ کا خیال بھی دل میں نہ لائے، پاکستان کی دفاعی تیاریاں جارح ہمسایہ ممالک کے درمیان امن کی ضمانت ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی سٹرٹیجک فورس کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے جوہری اثاثوں کے موثر کمان اینڈ کنٹرول پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت، وزیر اعظم، آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، ائر چیف اور نیول چیف نے کامیاب میزائل تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی، آرمی چیف نے میزائل کی تیاری اور تجربے میں شریک سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ پس پردہ رہنے والے حقیقی ہیروز ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نصر میزائل ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور رواں ہفتے پاکستان نے میزائل تجربات کی سلسلے کا کامیاب انعقاد کیا، نصر میزائل زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والا بیلسٹک میزائل ہے۔ نصر میزائل 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نہایت جدید ترین گائیڈڈ سسٹم رکھتا ہے نصر میزائیل ہدف کو درست نشانہ لگانے کے ساتھ فوری نصب کیا جاسکتا ہے، اور یہ اپنے ہدف کو مکمل تعاقب کرکے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ اینٹی ڈیفنس میزائل کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اس کا نشانہ 100فیصد سے بھی زیادہ درست ہے اس لیے اس کی تباہ کن صلاحیت بہت زیادہ ہے۔آرمی چیف نے سٹرٹیجک فورس کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ انہوں نے کہا نصر میزائل نے کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن پر ٹھنڈا پانی ڈال دیا‘ ہر قیمت پر جنگ سے بچنا چاہتے ہیں۔ ہماری سٹرٹیجک صلاحیت ہمسایہ ملک کی بڑھتی ہوئی فوجی قوت کے خلاف امن کی ضمانت ہے۔ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کیلئے کسی بھی حد تک جائے گا۔ مذاکرات کے ذریعے قیام امن کی تمام حکومتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے پوری قوم کو خوشیاں دیں اور دنیا بھر میں قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے ۔ کھلاڑیوں پاکستان کے سفیر ہیں ۔ تحمل کا مظاہرہ کریں اور سخت محنت جاری رکھیں اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں جبکہ کھلاڑیوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ چیئرمین شہر یار خان نے ملک میں کرکٹ کی واپسی کیلئے کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔