ڈالر 30 ماہ کی بلندترین سطح پر 3.34 روپے مہنگا ذمہ داروں کیخلاف کاروائی ہوگی :اسحق ڈار
لاہور، اسلام آباد، کراچی(کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک اعداد و شمارمیں بتایا گیا ہے انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر 3.34روپے مہنگا ہو گیا ڈیلروں نے ڈالر کی خریدو فروخت بند کردی انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر 104.90روپے سے بڑھ کر 108.24روپے پر بند ہوا سٹیٹ بنک نے ڈالر کی قدر میں اضافہ معاشی حقائق کے مطابق قرار دیدیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری لیکن جاری کھاتوں میں خسارہ بڑھ رہا تھا روپے کی قدر میں کمی جاری کھاتوں کے خسارے کے تناظر میں ہوئی ایکسچینج ریٹ میں کمی خسارے کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔ اس سے معیشت کے ترقی کے امکانات بھی مستحکم ہوں گے، معیشت کے تمام اعداد و شمار حوصلہ افزاء ہیں صدر فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کی وجہ سے روپیہ دبائو کا شکار ہے، سیاسی درجہ حرارت اور دیگر خبروں کی وجہ سے ڈالر مہنگائی ہوا روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا حکومت سٹیٹ بنک پالیسی واضح کرے اور روپے کی قدر گرنے سے روکے ڈالر کی قدر بڑھنے سے درآمدی سامان مہنگا ہو گا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے یکدم روپیہ گرنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بینکس اور افراد سیاسی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر روپے کو مصنوعی طور پر کمزور کر رہے ہیں ڈالر کے قدر میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ہنگامی اجلاس طلب کیا اور ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کی نشاندہی کرنے کے احکامات جاری کئے بنکوں کے صدور کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک پر قرضوں کا بوجھ 250ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔