خیبر پی کے میں کسی کو میرٹ توڑنے کی ہمت نہیں: پرویز خٹک
پشاور(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جب ادارے ضوابط کے تحت چلتے رہیں ، میرٹ کا ہر جگہ بول بالا ہو، اداروں کے امور میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہوتو وہی ملک ترقی کرتے ہیں ۔ تحریک انصاف صوبے میں حکومت سازی کے بعد اسی اصول پر کاربند ہے جہاں میرٹ کو توڑنے کی ہمت اور جرات کسی میں نہیں ہے جبکہ گزشتہ 70سالوں میں کسی حکمران کو اس طرف توجہ دینے کا موقع نہیں ملا۔ بدھ کے روز چترال یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مارخوروں کی ٹرافی شکار کیلئے کمیونیٹیز کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اس حکومت کا خاصہ یہ ہے کہ ہر ادارے کو چلانے کیلئے نہ صرف قانون سازی کی گئی ہے بلکہ اداروں کو مستحکم کرنے اور وہاں سیاسی مداخلت کی بجائے میرٹ پر تمام امورچلانے کو سب سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یورپ کی ترقی کا راز ہی یہ ہے کہ وہاں پر میرٹ کا نظام قائم ہے جہاں اداروں کو چلانے کیلئے بنائے گئے اصول وضوابط کی خلاف ورزی اور پامالی کی جرات بھی کوئی نہیں کرسکتا۔ انہوںنے دو پلوں سمیت چترال بائی پاس روڈکاافتتاح کیا جسے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں مکمل کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی تعمیر کردہ پبلک لائبریری کا بھی ممبر شپ فارم بھر کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعدازاں انہوںنے اناوج یارخون کا بھی دورہ کیا جہاں حال ہی میں برفانی سیلاب نے سڑک کو دریا برد کرکے وادی یارخون کو ضلعے کے دوسرے حصوں سے منقطع کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بدھ کے روز دو صوبائی وزرا ء مشتاق احمد غنی اور محمود خان کے ساتھ خصوصی طیارے پر دو روزہ دورے پر چترال پہنچے ۔