• news

لیہ: بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم‘3 خواتین سمیت11 افراد جاں بحق‘23 زخمی

لاہور+ لیہ (خصوصی رپورٹر+ آن لائن) کروڑ روڈ پر راولپنڈی جانے والی تیز رفتار بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں المناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیہ کے قریب کروڑ لعل عیسن کے قریب راولپنڈی جانے والی اوور لوڈڈ بس تیز رفتاری سے اوورٹیک کرتی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 11 مسافر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں 3 خواتین اور 8 مرد شامل ہیں۔ تلہ گنگ کے رہائشی ماں بیٹی اور قائد آباد کے رہائشی باپ بیٹا بھی حادثہ میں جاں بحق ہوئے، تین نعشوں کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 مسافر بس کی چھت پر سوار تھے تاہم زخمی ہونے والے 8 افراد کو ڈی ایچ کیو لیہ جبکہ 15 ٹی ایچ کیو ہسپتال کروڑ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سامنے سے آنے والی اوور لوڈ بس تیز رفتاری سے اوورٹیک کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر پھر درخت سے جا لگی۔ دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ المناک تصادم کروڑ روڈ پر جنگل پلی کے قریب پیش آیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن