• news

نہتے کشمیری برستی گولیوں میں تاریخ رقم کر رہے ہیں: عبدالرحمن مکی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کی اپیل پر برہان وانی کے یوم شہادت کے حوالہ سے کل جمعہ ملک گیر سطح پر یوم شہدائے کشمیر کے طورپر منایا جائے گا۔ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور شہداء کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی جائے گی۔ 13جولائی کو راولاکوٹ ، 16جولائی کو اسلام آباد اور 19جولائی کو لاہور میں بڑے پروگرام ہوں گے۔ عشرہ شہدائے کشمیر کے سلسلہ میں ہونیوالے پروگراموں میں قومی سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت کو شریک کیا جائے گا۔ چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں ہونے والے پروگرام کامیاب بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مذہبی، سیاسی و کشمیری قیادت کو دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے عشرہ شہدائے کشمیر کے سلسلہ میں بنائی گئی کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کو بھارتی و امریکی دبائو پر نظربند کیا گیا۔ بھارت نے کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی۔ پرامن مظاہرین کے خلاف انتہائی خطرناک ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ دل میں کشمیریوں کی مددکا جذبہ موجود ہے۔ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت سے دوستی والے رویہ نے مسئلہ کشمیر کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ حکمران تحریک آزادی کشمیر کی مدد کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ قائداعظم کی کشمیر پالیسی کو ترک کر دیا گیا ہے۔ جدوجہد آزادی کشمیر کو دہشت گردی قرار دیا جا رہا ہے۔ کشمیری لازوال قربانیوں کی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن