چیئرمین سینٹ کا وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کا سلسلہ شروع‘ مراد علی شاہ سے ملاقات
اسلام آباد (صباح نیوز ) ایوان بالا اور صوبائی اسمبلیوں کے مابین روابط کومزید مستحکم بنانے کے حوالے سے چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کو لکھے گئے خط کے تسلسل میں چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ میاں رضاربانی نے بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے ملاقات کی ۔ جس میں سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پرچیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہاہے کہ 1973 کے آئین کے مطابق صوبوں کو دیئے گئے حقوق ، اختیارات اور مراعات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ ایوان بالاء صوبائی وزراء اعلیٰ کو یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ اپنے صوبے سے متعلق درپیش مسائل کو صوبائی اکائیوں کے نمائندہ ایوان(سینیٹ )میں اجاگر کر سکیں گے اور ان کے حل کے متعلق بہتر حکمت عملی اپنائی جا سکے گی۔ سینیٹ میں ہر صوبے سے متعلق ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کی بھی تجویز ہے ، جس کا چیئرمین سینئر ترین ممبر ہوگا۔یہ کمیٹی متعلقہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے اٹھائے گئے صوبائی مسائل زیر غور لائے گی اور ایوان بالامیں سال میں دو مرتبہ رپورٹ پیش کرے گی ۔ یہ لائحہ عمل اختیار کرنے سے وفاقی پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان نہ صرف فاصلوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔