لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے 3 سال کیلئے سپانسر شپ حاصل کرلی
لاہور (حافظ عمران /نمائندہ سپورٹس)کرکٹ بورڈ کی مارکیٹنگ ٹیم کی ناکامی کیبعد ریجل کرکٹ اہسوسی ایشنز نے خود ہی سپانسرز ڈھونڈنے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ریجن انتظامیہ کو مسلسل کوششوں کے بعد سپانسر شپ حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ این ایم ہولڈنگ کےساتھ ٹائٹل سپانسر کےلیے تین سال کا معاہدہ ہوا ہے۔ سالانہ سپانسر شپ کی مد میں دو کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ملیں گے۔ ریجن انتظامیہ کی دیگر سپانسرز کےساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے۔ ٹائٹل سپانسرز کیساتھ دیگر سپانسرز بھی لیے جائیں گے۔ ریجنل کرکٹ کا انتظام سپانسر شپ بنیادوں پر جانے کے بعد لاہور کی ٹیموں کےلیے تنخواہ دار سلیکشن کمیٹی، نیا کوچنگ سٹاف، ٹرینر سمیت نئے سٹاف کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کلینڈر ائیر بھی تیار کیا جائیگا۔ کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بہتر بنانے کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سپانسرز کےساتھ مل کر گراونڈز کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائےگا۔ مستقل بنیادوں پر کوچنگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کے تحت کھلاڑیوں کو سالانہ کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ کرکٹرز کی میچ فیس اور ڈیلی الاونس میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انڈر سکسٹین اور انڈر نائٹین کے نمایاں اور ٹاپ پرفارمرز کو بھی ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ سپانسر شپ کے لیے ریجنل انتظامیہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ منظوری دے چکا ہے۔ سپانسر شپ کا نظام آنے کے بعد تین رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا ریجن کے صدر کے پاس چئیرمین کا عہدہ ہو گا جبکہ ٹائٹل سپانسر کے نمائندے کے پاس مینجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ ہو گا جبکہ فنانس مینجر کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔