فضائیہ ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے : سہیل امان
اسلام آباد+ کامرہ (سٹاف رپورٹر+ آن لائن+ آئی این پی)پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، پاک فضائیہ مکمل خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے، ایوی ایشن سٹی کے قیام سے اس شعبے میں بہتری کیساتھ معاشی ترقی بھی ہوگی، ایروسپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس آف ایئر یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لارہے ہیں، مضبوط دفاع کیلئے ایسے اداروں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کا قیام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائر چیف نے کہا پاک فضائیہ انجینئرنگ میں بھی اپنا کردار ادا کررہی اور مکمل خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ پاک فضائیہ کے دفاعی وژن کے تحت ایوی ایشن سٹی کا قیام عمل میں آیا اور مضبوط دفاع کیلئے ایسے اداروں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ائرچیف مارشل نے کہا ائر یونیورسٹی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردارادا کررہی ہے۔ ایوی ایشن سٹی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر اداروں کے طلبا بھی مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور کراچی میں میڈیکل ائر یونیورسٹیز بھی قائم کی جارہی ہیں جبکہ ایوی ایشن سٹی کے قیام سے اس شعبے میں بہتری کے ساتھ معاشی ترقی بھی ہو گی۔ انہوں نے ایوی ایشن سٹی کو ملکی ساختہ ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے کی پیداوارکی طرف اہم پیشرفت قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ایوی ایشن سٹی کا قیام دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب اہم پیشرفت ہے اور سرگودھا کالج سے فارغ التحصیل ہونیوالے اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ قومی سلامتی کیلئے پاک فضائیہ کا کردار تعریف کے قابل ہے۔ احسن اقبال نے کہا ملک میں پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ترقی کا سفر متاثر ہوا۔ قوم کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔