• news

وزارت مذہبی امور کا شیڈول جاری پہلی حج پرواز 24 جولائی کو روانہ ہو گی

اسلام آباد (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے حج 2017ء کے لئے پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی جو کل ہفتہ کو جاری کر دیا جائے گا، پہلی حج پرواز 24جولائی کو حجاز مقدس روانہ ہوگی ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ رواں سال حج آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے ، سعودی ایئرلائن، ایئر بلیو اور شاہین ایئر لائن انٹرنیشنل حج آپریشن میںحصہ لیں گی۔تمام ایئر لائنوں نے پروازوں کا شیڈول وزارت مذہبی امور کو دے دیا ہے۔ وزارت کی طرف سے پروازوں کے شیڈول سے رواں سال حج بیت اللہ کی سعادت کے لئے کامیاب درخواست گزاروں کو آگاہ کردیاجائے گا۔ اس حوالے سے خطوط کے علاوہ ایس ایم ایس سروس کو بھی بروئے کار لایا جائے گا۔ حج پالیسی کے تحت پہلی حج پرواز 24جولائی کو حجاز مقدس روانہ ہوگی۔واضح رہے کہ رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 60 فیصد سرکاری اور 40فیصد پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاز مقدس جائیںگے۔ پہلے 15 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی اور اگلے پندرہ دن حج پروازیں جدہ جائیں گی ۔اس طرح حج کے بعد حاجیوں کی نصف تعداد مدینہ اور نصف تعداد جدہ سے وطن واپس روانہ ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن