جے آئی ٹی رپورٹ، عدالت عظمیٰ وزیراعظم کو نااہل قرار دے سکتی ہے ‘ سیکرٹری سپریم کورٹ بار
اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان) سنیئر قانون دان اورسپریم کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری آفتاب باجوہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں عدالت عظمیٰ کا خصوصی عمل درآمد بنچ وزیر اعظم کو آئین کے آرٹیکل 62,63پر پورا نہ اترنے پر نااہل قرار دے سکتا ہے آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت سپریم کورٹ کو یہ اختیار حاصل ہے۔ سوموٹو کیس میں سپریم کورٹ کے پانامہ بارے میں مکمل فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جاسکتی البتہ پانامہ فیصلہ کے کسی مخصوص حصہ پر نظر ثانی کے لیئے ریویو دائر کیا جاسکتا ہے، وزیر اعظم کو عوامی عہدہ سے ہٹانے کے لیئے وکلاء نے لاہور سے احتجاج کا سلسلسہ شروع کردیا ہے جو جلد ہی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد سپریم کورٹ سمیت ملک بھر میں شروع کردیا جائے گا۔ سیاسی وزیروں مشیروں کی جے آئی ٹی پر تنقید دراصل سپریم کورٹ اور ججز پر تنقید کے مترادف ہے اگر توہین آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو ایسے کسی شخص کو سپریم کورٹ میں داخل نہ ہونے دیں گے جب تک کہ وہ معافی نہ مانگ لے ججز کی عزت و قار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔