• news

اسلام آباد: ایئرپورٹ پر 2 افغان خواتین سے بدتمیزی‘ وزیرداخلہ کا نوٹس‘ اہلکار معطل

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) دو افغان خواتین سے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ بدتمیزی کی گئی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار نے نوٹس لے لیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ کے حکم پر متعلقہ افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔ متعلقہ افسر کو فوری معطل کرکے انکوائری کا آغاز بھی کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔ وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا کہ بدتمیزی کے مرتکب اہلکار کی معطلی اور انکوائری ہی کافی نہیں‘ بدتمیزی کے مرتکب اہلکار کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے۔ اہلکار قبلہ درست کر لیں‘ لوگوں سے اچھے طریقے سے پیش آئیں۔ کسی غیرملکی مہمان کے ساتھ نازیبا رویہ قابل برداشت نہیں۔ ایف آئی اے اہلکاروں نے رویہ درست نہ کیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور ڈومیسائل کے اجراء کی مد میں زائد فیس کی وصولی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو چوبیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اس بات کی وضاحت کرے کہ بادی النظر میں زائد فیس کی وصولی کن وجوہات کی بنا پر اور کیوں کی جا رہی ہے۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ اس بات کا بھی تعین کیا جائے کہ زائد فیس کی وصولی کب سے اور کس کی منظوری سے کی جا رہی ہے۔ ایک ہی دستاویز کے اجراء کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں مختلف فیس کا وصول کیا جانا غیر منصفانہ اور غیر منطقی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن