انتہا پسندی‘ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف تحریک چلائیں گے: 28 مذہبی جماعتوں کا اعلان
لاہور+ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ملک کی 28 سے زائد مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر نے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دے دی، تحریک کو عوامی سطح پر چلایا جائے گا، بیت اللہ، پارا چنار اور کوئٹہ میں حملہ کرنے والے انسانیت اور مسلمانوں کے دشمن ہیں، پارا چنار اور کوئٹہ میں بے گناہ انسانیت پر حملہ پاکستان، اہل پاکستان پر حملہ ہے، ارض الحرمین الشریفین کا دفاع، سلامتی ہر مسلمان پر فرض ہے، مذہب اور سیاست کے نام پر وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اسرائیل بھارت اتحاد کے خلاف مسلم امتہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کے تمام مکاتب فکر سیاسی و مذہبی جماعتیں ہنود و یہود کے اتحاد کے خلاف کشمیریوں اور فلسطینیوں کے جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ سانحہ پارا چنار، بیت اللہ اور مسجد نبوی ؐپر خود کش حملہ کرنے والے تکفیری اور خوارج ہیں، یہ بات پاکستان علماء کونسل اور انٹر نیشنل متحدہ علماء کونسل فیصل آباد کے زیر اہتمام جامعہ عثمانیہ میں ہونے والی وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی، کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الحمید وٹو، علامہ طاہر الحسن، مفتی محمد ضیاء مدنی، علامہ محمد حنیف بھٹی، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی، حاجی محمد طیب قادری، پیر محمد ابراہیم سیالوی، سید صفدر رضا رضوی، مولانا غلام اللہ خان، ڈاکٹر خالد رئوف، حافظ محمد عقیل، علامہ زبیر عابد، صاحبزادہ عارف سیالوی، ملک سرفراز قادری، قاری حبیب الرحمن یٰسین، شیخ سلیم الرحمن، علامہ ذاکر حسین نقوی، مولانا عبد القیوم، مولانا حمزہ طاہر، مولانا طیب گورمانی، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا شکیل قاسمی، مولانا رفیق انور، ڈاکٹر ارشاد، قاری کلیم اللہ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی، قاری جاوید اختر قادری، سید جعفر حسین نقوی، سید اطہر شاہ، مولانا عمر جامی، حافظ سہیل عابد، مولانا اسلم قادری اور دیگر نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے جمعتہ الوداع کے موقع پر بیت اللہ شریف پر حملہ کی ناپاک جسارت کی بھر پور مذمت کی اور کہا کہ بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے اور مسجد نبویؐ اور بیت اللہ پر حملہ کی جسارت کرنے والے خارجی اور تکفیری سوچ کے حامل ہیں، ان دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا امت مسلمہ کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت07 جولائی کو سکھر اور 08جولائی کو کراچی میں وحدت امت کانفرنسیں منعقد ہوں گی، کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے اندر فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازشیں کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور سوشل میڈیا پر وطن عزیز کے استحکام اور سلامتی کے خلاف اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان نفرتیں پھیلانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف فوراً ایکشن لیا جائے۔ کانفرنس میں ایک قرار داد کے ذریعے کشمیری حریت پسند لیڈر سید صلاح الدین کو امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دینے کی مذمت کی گئی۔ کانفرنس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے پاکستان کی سیاسی قیادت سے اپیل کی گئی کہ ملک کے اندر سیاسی طور پر انتشار پیدا کرنے کی کوشش نہ کی جائے، تمام اداروں کو ملک کے آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہیے اور ملک کے آئینی اداروں پر کسی بھی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔ کانفرنس میں سانحہ احمد پور شرقیہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعا کی گئی، کانفرنس میں پیر طریقت حضرت مولانا پیر سیف اللہ خالد کی دینی، اسلامی اور ملک کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور مولانا پیر قاری ادریس قاسمی کی اہلیہ اور مولانا زبیر عابد کی چچی کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی۔