سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 178 ارب کے 17 منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 178 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 17 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ منظور شدہ منصوبوں میں 6میگا پراجیکٹس ایکنک کو بھجوا دیئے گئے، منظور شدہ منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، توانائی، آبی ذخائر، آئی ٹی، ہائوسنگ، صحت، اعلیٰ تعلیم وگورننس کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے آبی ذخائر کے شعبہ میں 88.4 ارب روپے کا رائٹ بنک آوٹ فال ڈرین 1، 2 اور 3 کا میگا پراجیکٹ منظور کر لیا۔ آر بی او ڈی 2 منصوبے میں سندھ حکومت سیلاب سے بچائو کی مد میں مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے تحت اپنا 50 فیصد حصہ دینے پر تیار ہوگئی ہے۔ ٹرانسپورٹ اور کیمونیکیشن کے شعبہ میں 43.2 ارب روپے کے 3 منصوبے منظور کئے گئے ہیں۔ ان میں کیرک کوریڈور کو ترقی دینے کا 24.7 ارب روپے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ کے شعبہ میں 29.4 ارب روپے کے 2 منصوبوں کی منظوری دی۔ ان میں27 ارب روپے کا پنجاب انٹرمیڈیٹ سیٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام بھی شامل ہے۔ آئی ٹی کے شعبہ میں2.7 ارب روپے کے دو منصوبوں ‘ صحت کے شعبہ میں 1225.9 ملین کے تین منصوبوں سمیت گورننس کے شعبہ میں 63 ملین کا ایک منصوبہ منظور کیا گیا۔ 242 ملین روپے کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کی تھرڈ پارٹی سے توثیق کیلئے کنسلٹنسی کا منصوبہ بھی منظور کر لیا۔ زراعت کے شعبہ میں 2.4 ارب کی لاگت سے زیتون کی پیداوار بڑھانے کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں 9.7 ارب کے تین منصوبوں کی منظوری دی۔ ان میں گوادر کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم و چینی زبان سکھانے کا 143 ملین روپے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ تین ہزار افغان طلباء کو علامہ محمد اقبال تعلیمی وظائف کا 7.3 ارب کا میگا پراجیکٹ ایکنک بھجوانے کی سفارش کی ہے۔