جماعتہ الدعوۃ کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم شہداء کشمیر منایا جائے گا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعتہ الدعوۃ پاکستان کی اپیل پر آج 7 جولائی جمعہ کو ملک بھر میں یوم شہداء کشمیر منایا جائے گا۔ لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ ملتان‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت ملک بھر میں شہدائے کشمیر کانفرنسوں‘ جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تمام شہروں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی جائے گی اور نمازجمعہ کے اجتماعات میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔ لاہور میں بڑا پروگرام چوبرجی چوک میں ہوگا جس میں ہزاروں افراد شریک ہونگے۔ کل آٹھ جولائی کو بھی ملک بھر میں شہدائے کشمیر کانفرنسیں ہونگی۔ عشرہ شہدائے کشمیر کے دوران جلسوں‘ کانفرنسوں اور ریلیوں کے انعقاد کا مقصد مظلوم کشمریوں سے اظہاریکجہتی کرنا ہے۔ جماعتہ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ برہان وانی کے یوم شہادت کے حوالہ سے 7 جولائی سے 19 جولائی تک ملک گیر سطح پر عشرہ یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں چاروں صوبوں و آزادکشمیر میں پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں قومی‘ مذہبی‘ سیاسی و کشمیری قیادت کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جلسوں و کانفرنس کے ذریعہ دنیا بھر کو بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت سے آگاہ کیا جائے گا۔ 13 جولائی کو راولا کوٹ‘ 16 جولائی کو اسلام آباد اور 19 جولائی کو لاہور میں بھی بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ عشرہ شہدائے کشمیر کے سلسلہ میں ملک کے کونے کونے میں جا کر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کریں گے۔ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے سال 2017ء کشمیریوں کے نام کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر بڑے پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کیا تو بھارتی دبائو پر انہیں اور ان کے ساتھیوں کو نظربند کر دیا گیا۔ اس سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سخت نقصان پہنچا ہے۔