• news

عدلیہ اور اداروں کو متنازعہ بنانا پاکستان سے دشمنی ہے: شجاعت

لاہور / اسلام آباد (پ ر) (ق) لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے عدلیہ اور فوجی اداروں کو متنازعہ بنانا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کو فعال اور مضبوط بنانا ہر مسلم لیگی کا فرض ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر جہلم کے پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں پارٹی کو مزید مضبوط و مقبول بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا عوام اچھی طرح جانتے ہیں کس نے انہیں بدحال کیا اور ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا۔ وہ عدلیہ اور فوجی اداروں کو متنازعہ بنانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ عوام کو یہ بھی پتہ چل گیا ہے کون ان کے ساتھ مخلص ہے۔ کس نے ان کی نیک نیتی اور دیانتداری سے خدمت کی۔ انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی وہ ہر سطح پر پارٹی کو متحرک اور فعال بنائیں۔ عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھائیں کیونکہ اپنے ڈراموں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے اور ان کا مینڈیٹ چوری کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں اور عوام بالخصوص عام و غریب آدمی‘ کسان اور محنت کش ان سے بیزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن