• news

وزیراعظم کیخلاف ہائیکورٹ سے پنجاب اسمبلی تک وکلا ریلی‘ گو نواز گو کے نعرے

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ بار نے استعفی دئیے بغیر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر وزیر اعظم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ بار نے وزیر اعظم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار میں جنرل ہاوس کا مذمتی اجلاس منعقد کیا اور بار روم کی چھتوں پر سیاہ پرچم لہرائے۔اجلاس کے دوران بھی وکلاء وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔وکلاء نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ دہراتے ہوئے تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار علی اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستعفی ہوئے بغیر وزیراعظم کی حیثیت سے جے آئی ٹی کے سامنے نواز شریف کے پیش ہونے کی کوئی حیثیت نہیں۔ اٹھارویں گریڈ کے افسر وزیر اعظم کا احتساب نہیں کر سکتے ایسی صورتحال میں اب جے آئی ٹی پر بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ وکلاء علامتی احتجاج کی بجائے وزیر اعظم کے استعفی تک بڑی تحریک کا آغاز کر چکے ہیں۔ وکلاء کی احتجاجی ریلی میں تحریک انصاف،جماعت اسلامی اور ق لیگ کے رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) غیر آئینی طریقے سے عدلیہ اور جے آئی ٹی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مگر پوری قوم اور وکلاء عدلیہ کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن