• news

دھرنے‘ احتساب جے آئی ٹی کے پیچھے چھپنے والے بزدلو میدان میں آ کر مقابلہ کرو: نوازشریف

لاہور/ جھنگ/ سرگودھا (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دھرنے، احتساب، جے آئی ٹی کے پیچھے چھپنے والے بزدلو میدان میں آکر مقابلہ کرو ہمیں تیار پاؤ گے۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں منصوبوں کی تیز ترین تکمیل کی نئی روایت قائم ہو رہی ہے جب سے حکومت سنبھالی 7ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان میں روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں، ملک میں خوشحالی آ رہی ہے، لوگوں کی آمدن اور قوت خرید بڑھ رہی ہے۔ بجلی کے درجنوں منصوبے تیار ہو رہے ہیں آج انڈسٹری چل رہی ہے، نئے منصوبے لوگوں کو یقین دلا رہے ہیں کہ انڈسٹری لگائیں بجلی آرہی ہے، آنیوالے برسوں میں ترقی کی شرح 7 فیصد تک بڑھ جائیگی۔ ہمارا قوم کے ساتھ وعدہ تھا کہ اندھیرے دور کریں گے یہ وعدہ پورا کر رہے ہیں ہم لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے جا رہے ہیں ملک میں جگہ جگہ موٹر ویز اور ہائی ویز بنائے جا رہے ہیں، منصوبے کی تکمیل پر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر پانی و بجلی کو مبارکباد دیتا ہوں ہمارے مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کیوں کرتا ہے۔ 14اگست کو کراچی حیدر آباد موٹروے بن جائے گی۔ اب بلوکی اور پورٹ قاسم منصوبوں کے افتتاح کی باری ہے۔ قوم سے روشنیاں چھین کر زیادتی کی گئی۔ عوام کو ان لوگوں سے پوچھنا چاہئے جنہوں نے ملک میں اندھیرے پیدا کئے۔ لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار وہ ڈکٹیٹر بھی ہے جو باہر بیٹھا ہے ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ جو بڑی باتیں کرتے ہیں ان کا جتنا حساب لیا جائے وہ کم ہے۔ اپوزیشن والے احتساب کی بات کرتے ہیں،168ارب بچائے، شاباش ہی دیدو، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ جے آئی ٹی کو تو آپ جانتے ہیں۔ جے آئی ٹی نے 10جولائی کو رپورٹ جمع کرانی ہے اسی روز داسو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ آج پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے۔ بھاشا ڈیم بجلی ہی نہیں، کاشتکاروں کیلئے پانی بھی مہیا کرے گا۔ جنہوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے انہیں بتانا چاہتا ہوں ہمیں کام سے کوئی نہیں روک سکتا آپ کو یہی کام ملا ہے آپ اپنا کام کرتے رہیں ہم اپنا فرض پورا کریں گے۔ آپ ہزار بار بھی آسمان سر پر اٹھا لیں ہمیں کوئی عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا، جو کچھ پچھلے سال سے آپ کر رہے ہیں قوم جانتی ہے، ہمارے مخالفین ہم سے الیکشن جیت نہیں سکتے صرف سازش کرتے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن سے ایک بار نہیں بار بار شکست کھائی ہے اور آئندہ بھی کھائیں گے۔ آپ دھرنے اور احتساب کی آڑ میں سازش کرتے ہیں کبھی جے آئی ٹی کی آڑ میں چھپتے ہیں ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کرو۔ آئو میدان میں جب کہو گے ہم میدان میں آنے کیلئے تیار ہیں، جو کام آپ چار سال سے کر رہے ہیں قوم جانتی ہے، کبھی دھاندلی کی آڑ میں سازش کرتے ہیں، کبھی دھرنے کی سازش کرتے ہیں، آپ الیکشن نہیں جیت سکتے اس لئے ایسا کر رہے ہیں۔ سندھ میں تھر کے اندر کوئلے سے بجلی کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں موٹروے ہم بنا رہے ہیں، ہم قوم کی خدمت کرتے رہیں گے، ہمارا عزم مضبوط ہے روکنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ پچھلے دنوں کے حالات سے سٹاک مارکیٹ کتنی نیچے آئی۔ غیر یقینی صورتحال سے سٹاک ایکسچینج اور روپے کی قدر پر منفی اثر پڑا۔ یہ لوگ میٹرو کو جنگلا بس کہہ کر لوگوں کی غربت کا مذاق اڑاتے ہیں، یہ لوگ ان منصوبوں کا نہیں غریبوں کی غربت کا مذاق اڑاتے ہیں، پانچ سو ارب روپے سے ریلوے سسٹم کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، اورنج لائن پورے پنجاب نہیں پورے پاکستان میں چلے گی۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق حویلی بہادرشاہ کے مقام پر 1230 میگاواٹ کے حویلی بہادر شاہ کمبائن سائیکل پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کے افتتاح سے 760 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگئی۔ پلانٹ اپریل2018ء میں مکمل طور پر فعال ہو گا جس کے بعد 1230 بجلی پید ا ہوگی۔ منصوبہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او راشد محمود کی نگرانی میں چینی کمپنی پاورکنسٹرکشن کارپوریشن چائنہ اور پاکستان قوی انجینئر نگ مکمل کریگی۔ ایل این جی گیس کے ذریعے بجلی پیدا کی جائیگی۔ پلانٹ کو چلانے کیلئے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی جانب ایل این جی کی سپلائی کیلئے کر اچی سے پائپ لائن بھی بچھائی گئی ہے۔ اس منصوبے سے 30 سال تک 1230 میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ شفافیت میں اپنی مثال آپ ہے ا س سے سالانہ تقریباًچھ ارب روپے کی بچت ہوگی اس کے علاوہ بجلی کی فی یونٹ لاگت میں میں بھی کمی آئے گی اس پلانٹ سے پید ا ہونے والی بجلی کے نرخ 6.42 روپے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 21 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ بہت جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک میں سیاحت اتنی بڑھ گئی ہے کہ پہاڑوں میں جگہ نہیں مل رہی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بتایا کہ اتنے لوگ سیاحت کیلئے آرہے ہیں کہ ہوٹلز بھر چکے ہیں۔ ایگریکلچر اور انڈسٹریل سیکٹر میں ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی صاحب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھی اس منصوبے کیلئے بروقت گیس یہاں پر پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سستی بھی ہو رہی ہے۔ بہت جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 2018ء تک قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی۔ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو شارٹ فال 67 فیصد تھا اب 15.4 فیصد ہے، ہم 20 ہزار میگاواٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تک پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے سیاسی مخالفین کا سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ مخالفین کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا‘ تنقید کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ سے نظرثانی کا آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے‘ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو ’’آن بورڈ‘‘ لیا جائے گا‘ پانامہ پیپرز لیکس پر جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ضرورت پڑی تو تمام آئینی و قانونی آپشن کے استعمال پر اتفاق رائے کیا گیا ۔ اس بات کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جو جمعہ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے دورے سے واپسی کے بعد وزراء اور مشیروں سے ملکی سیاسی و اقتصادی صورت حال پر مشاورت کی اجلاس میں جے آئی ٹی کی ممکنہ رپورٹ اور آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت سٹاک ایکسچینج میں پوائنٹس کے گرنے سے متعلق امورپر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحقٰ ڈارنے وزیراعظم محمد نوازشریف کو ڈالر کی قدر میں اضافے سے متعلق کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کبھی احتساب سے خوفزدہ نہیں ہوئے لیکن وہ صحیح معنوں میں احتساب ہونا چاہئے‘ ہمارے ہاتھ صاف ہیں ہم نے سرکاری خزانے کی ایک پائی کا غلط استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والی سیاسی قوتوں کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا آئندہ انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر سیاسی جماعتوں کو ووٹ دیں گے‘ آئندہ انتخابات میں عوام مسلم لیگ ن کو ہی کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر مسلسل ہماری حکومت کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں اور ہمیں ترقی کے راستے سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کریں گے اور اپنے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے دوران جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا ، اجلاس میں کہ جے آئی ٹی اور دیگرقانونی امور پر وفاقی وزیرقانون زاہد حامد نے بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن