غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان سے پارٹنرشپ بڑھانے کو تیار ہیں: ایشیائی ترقیاتی بنک، 6 ارب ڈالر قرض کی منظوری
اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے پاکستان کیلئے مزید 6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے‘ اے ڈی بی نے قرض ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے مشروط کردیں۔ قرض کی رقم 2018 سے 2021 کے درمیان دی جائے گی۔ پاکستان کو بتانا ہوگا کہ منصوبے کب اور کتنی لاگت میں مکمل ہوں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے لئے سالانہ دو ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر اے ڈی بی کے مطابق قرض کی رقم انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر خرچ ہو گی۔ علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر وینشائی ژانگ نے کہا ہے کہ غربت میں کمی اور عوام کی خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ کو توسیع دینے کیلئے پرعزم ہیں، ہم نے مل کر کئی ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پایا ہے، گزشتہ 50 سال کے دوران اے ڈی بی نے اہم انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ، نجی اور زرعی سیکٹر کی ترقی کو فروغ دیا، پبلک سیکٹر مینجمنٹ اور فنانشل مارکیٹس کو بہتر اور سماجی تحفظ کو تیز کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اے ڈی بی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے موضوع پر پینل بحث بھی ہوئی جبکہ اے ڈی بی کی 50 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 8 روپے مالیت کے ایک یادگاری ٹکٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی کامیابیوں اور مستقبل کے اقتصادی پاور ہائوس کی حیثیت سے پاکستان کی صلاحیتوں اور اہمیت کو اجاگر کیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور پاکستان میں اقوام متحدہ کی معاونت سے چلنے والے اقتصادی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ترقیاتی پروگراموں میں اقوام متحدہ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ملک میں اقتصادی استحکام کے بعد حکومت اب بلند ‘ پائیدار اور جامع ترقی کے حصول پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔