• news

ومبلڈن اوپن: اعصام الحق کی جوڑی دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے سٹار اعصام الحق قریشی ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے دوسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ انہوں نے پہلے راﺅنڈ میں کروشیا کے ڈینو مارکن اور انکے آسٹرین جوڑی دار ٹریسٹن ویسبورن کو شکست دیکر میگا ایونٹ کے دوسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔انگلینڈ میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز کے ابتدائی راﺅنڈ میں پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور انکے رومانیہ کے جوڑی دار فلورین مرجیا نے کروشیا کے ڈینو مارکن اور انکے آسٹرین جوڑی دار ٹریسٹن ویسبورن کو 4-6، 7-6(7-4)، 7-6(7-3) اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سربیا کے نامور مایہ ناز ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ اور سوئس بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس راجر فیڈرر اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کے تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ نے جمہوریہ چیک کے پالاسک کو ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے سربیا کے لاجوویک کو ہرا کر تیسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے راﺅنڈ کے دیگر میچوں میں کینیڈا کے میلوس راﺅنک، سپین کے راموس، اسرائیل کے دودی سیلا، جرمنی کے میسچا زویرو، آسٹریا کے ڈینیئل تھیم، ہسپانوی ڈیوڈ فیرر، جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈوچ، فرانس کے گیل مونفلس اور لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے کامیابی حاصل کر کے میگا ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن