• news

ڈاٹ گیندیں میرٹ پر کھیلیں، عاقب کی شرجیل کے حق میں گواہی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سابق فاسٹ باولر عاقب جاوید نے شرجیل خان کے حق میں گواہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوپنر نے ڈاٹ گیندیں میرٹ پر کھیلیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سپاٹ فکسنگ ٹریبونل نے شرجیل خان کیس کی سماعت کی ۔عاقب جاوید نے بطور ایکسپرٹ بے قصور قرار دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر اور لاہور قلندرز کے کوچ نے کہا کہ ان کی نظر میں شرجیل خان نے دونوں ڈاٹ بال میرٹ پر کھیلے ہیں۔ اگر شرجیل پر سپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہو جاتا ہے کہ تو ان پر پانچ سال سے تاحیات پابندی کی سزا کا امکان ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ وہ کسی کے خلاف ثبوت لے کر نہیں گئے، اگر پی سی بی کی کہانی دیکھی جائے تو ڈاٹ بال کھیلنا پلان کا حصہ لگتا ہے لیکن ڈاٹ گیندیں کرکٹ کے کھیل کا حصہ ہیں۔شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے کہا کہ عاقب جاوید بطور ایکسپرٹ ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ شرجیل خان نے میرٹ پر دونوں ڈاٹ بال کھیلے۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ عاقب جاوید کو ڈاٹ بالز کی فوٹیجز دکھائی گئی ہیں اور انہوں نے فکسنگ کو کینسر قرار دیا ہے۔ عاقب جاوید نے ٹریبونل کو بتایا کہ اگر ڈاٹ بالز جان بوجھ کر کھیلی جائیں تو ان کے پیچھے یقیناً ایک کہانی ضرور ہوتی ہے۔ٹربیونل نے لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی کے منیجر آپریشن کو بطور گواہ 13 جولائی کو طلب کیا ہے۔۔

ای پیپر-دی نیشن