• news

دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب، اگلے ہفتے مزید بارشوں کی پیشگوئی

لاہور، پشاور(سپورٹس رپورٹر+ آئی این پی) محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے ملک میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ پیر سے جمعرات کے دوران بالائی پنجاب اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ منگل سے جمعرات کے دوران خیبرپی کے، فاٹا، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہوائوں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بار ش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویڑن ، اسلام آباد، خیبرپی کے اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔وقفے وقفے سے بارش کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ۔ اگلے جمعہ سے اتوار کے دوران سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ چندمقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، سرگودھا، ڈی جی خان بہاولپور، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان ڈویژن،لسبیلہ بارکھان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ دریں اثناء سیلاب سے خبردار کرنیوالے صوبائی ادارے فلڈ سیل محکمہ آبپاشی حکومت خیبر پی کے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں اٹک، خیر آباد اور دریائے سوات میں چکدرہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا اخراج بالترتیب 225500اور 27300کیوسک ریکارڈ کیا گیا صوبے کے باقی تمام دریائے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن