• news

لاہور‘ جہلم‘ کوئٹہ، پشاور: سرچ آپریشن میں 159 مشکوک گرفتار

لاہور‘ جہلم‘ کوئٹہ‘ پشاور (نامہ نگار) لاہور‘ جہلم‘ کوئٹہ اور پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد سمیت 159 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے گارڈن ٹائون میں چینی قونصلیٹ کے اطراف میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے 3 مشکوک افراد کا تعلق علاقہ غیر سے ہے۔ گرفتار افراد کے پاس شناختی کوائف موجود نہ تھے۔ علاوہ ازیں پولیس نے دیگر علاقوں میں آپریشن کے دوران بھی 56 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے گیسٹ ہائوسز، فیکٹریوں، ہوٹلز، سرائے پر بھی چیکنگ کی اور شہریوں کے بائیومیٹرک مشینوں سے کوائف چیک کئے۔مزیدبرآں گزشتہ روز جہلم کے علاقے اسلام پورہ میں تھانہ سول لائن پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے تمام ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ گرفتار افراد سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس اور ایف سی نے کوئٹہ کے علاقہ کلی اسماعیل اور اس کے اطراف میں سرچ آپریشن کے دوران 98 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے کمانڈر کے دو بھائیوں کوبھی حراست میں لے لیا گیا۔ دریں اثنا پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع بونیر سے دہشت گرد کو دستی بموں سمیت گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم رئیس خان پہاڑی راستوں سے بونیر میں داخل ہو رہا تھا۔ ملزم کے قبضے سے دو دستی بم‘ پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن