• news

شہر میں ہائی الرٹ کر دیا، عمارات، تفریحی مقامات پر سکیورٹی بڑھائی جائے: امین وینس

لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہورکیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ سارے شہر کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا اور شہر کی اہم عمارات اور تفریحی مقامات پر نفری بڑھائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر کے امن وامان کی صورت حال پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان، آپریشنز، انویسٹی گیشنز، سی آئی اے، اینٹی رائیٹ، ہیڈ کوارٹرز اور ٹریفک کے تمام ایس پیزاور ڈی ایس پیزنے شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر کہا کہ شہر کے اندرونی و بیرونی راستوںپر تعینات پولیس اہلکاروں کو الرٹ کر دیا جائے اور گزرنے والی ہر گاڑی کو اچھی طرح چیک کر کے شہر میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ ہر ڈویژن میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران کرایہ داروں کے کوائف چیک کیے جائیں۔ دریں اثناء سی سی پی او سے ترک افسروں کے وفد نے ملاقات کی۔ محمدامین وینس نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کی خاطر ٹریفک نظام میں بہتری کے لئے اسلامی برادر ملک ترکی سے ٹریفک پولیس کے افسران و ماہرین کی خدمات لی جارہی ہیں جن کے ذریعے نہ صرف سٹی ٹریفک پولیس جدید اصلاحات کے ذریعے شہریوں کو دوران سفر بہترین سفری سہولیات فراہم کر سکے گی بلکہ سٹی ٹریفک پولیس کے اندر جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ ہم ترکی اور ترک نیشنل پولیس کے شکر گزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن