• news

نواز شریف کی غیر جمہوری سوچ بے نقاب ہوگئی :عمران خان

لاہور (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سمجھنا ہوگا کہ کرپشن ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے اور جمہوریت کے حوالے سے حکمرانوں کا منطقی ہیرپھیر جمہوریت کی نفی ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام کومحتسب قرار دیکر نواز شریف نے جمہوریت مخالف ذہنیت کا اظہارکیا۔ عوام نمائندے منتخب کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، عوام نہیں چاہتے منتخب نمائندے بے فکری سے قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ اسلامی اور مغرب کی جمہوری روایات میں قانون کی ذمہ داریاں برابر ہیں جہاں جواب دہی ضروری ہے۔ ترقی مضبوط اداروں، قانون کی تابعداری، شفاف حکومت سے ممکن ہے جبکہ جمہوریت میں قانون کی حکمرانی اورعوامی نمائندوں کی جواب طلبی اہم ہے‘ انتخابات کوجمہوریت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے جبکہ کرپشن ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ نواز شریف اپنے احتساب کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ کا واویلا کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی غیرجمہوری سوچ ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پول کھول دئیے ہیں‘ آج انہوں نے سپریم کورٹ اور افواج پاکستان پر حملہ کیا‘ لیگی وزراء نے بتا دیا ان کے ہاتھ پائوں پھول گئے ہیں‘ شاید انہیں لگتا ہے جے آئی ٹی کچھ بڑا کرنے والی ہے۔ قطری شہزادے کو پیش کرنا ان کی ذمہ داری تھی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے لیگی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آج کھل کر سپریم کورٹ کے سامنے کھڑی ہو گئی ہے۔ مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ سے اعلان جنگ کر دیا ہے۔ ن لیگ نے کہہ دیا سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانیں گے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے جیسی ہے۔ لگتا ہے پرچہ آئوٹ ہو گیا اور ان کو اپنے مستقبل کا پتہ چل گیا ہے۔ قطری ان کے ہاتھ نہیں لگا یہ لوگ بُری طرح پھنس گئے ہیں۔ سنا ہے کہ قاضی فیملی بھی بیان ریکارڈ کرائے گی جو ان پر لٹکتی تلوار ہے۔ مسلم لیگ ن کی چار سے چھ ہفتے کی زندگی ہے سنا ہے 44لوگوں نے ایک الگ گروپ بنانے کی تیاری کر لی ہے۔ نوازشریف قدرت کی طرف سے ایسے فیصلے کرنے جا رہے ہیں جس میں انہیں نقصان ہو گا۔ یہ لوگ فیصلے سے پہلے ملک میں خانہ جنگی چاہتعے ہیں محمد زبیر گورنرہائوس سے میڈیا سیل چلا رہے ہیں جس میں 34 افراد بھرتی کئے ہیں۔ طارق شفیع کو بڑے میاں صاحب ساتھ لیکر گئے تھے سب ٹوپی ڈرامہ ہے۔ کاغذات جعلی ہیں۔ وزیراعظم‘ اسحاق ڈار‘ شہبازشریف اور چودھری نثار پر اعتماد نہیں کر رہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل شفقت محمودنے کہا ہے کہ قطری کے تازہ ترین مئوقف نے شریفوں کو ایک سنگین امتحان میں ڈال دیا ہے۔ جے آئی ٹی یا سپریم کورٹ آنے کی بجائے قطری نے تو پاکستانی عدالتوں کے دائرہ اختیار کو ہی چیلنج کر دیا ہے۔فواد چودھری نے کہا ہے کہ لگتا ہے گیم بالکل ہی الٹ گئی ہے وفاقی وزراء نے اداروں کو نشانہ بنایا، جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہونے پر رونا پیٹنا مچا رکھا ہے لگتا ہے جے آئی ٹی کے پاس ثبوت جمع ہو گئے ہیں قطری شہزادہ مکر گیا تو ہم نے بار بار کہا فیصلے کو اُردو میں پڑھ لو بھنگڑے ڈالنے والوں میں خواجہ سعد رفیق سے آگے تھے اب تفتیش مکمل ہونے کو ہے اور یہ رو رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن