• news

تیز رفتار ترقی دیکھ کرمخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے :شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کشمری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بندوق کی گولی اور ظلم و جبر سے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔کشمیری عوام نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا گھر ہے اورخیبر پی‘ بلوچستان‘ سندھ اور پنجاب ایک لڑی میں پروئی ہوئی چار اکائیاں ہیں اور چاروں صوبوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی مولانا رحمت اللہ سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک معاشی طورپر مضبوط ہوا ہے اور روشن پاکستان کی جانب تیزی سے سفر جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت‘ معیار اور رفتار سے منصوبے مکمل کرنے کے نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔ ملک کی تیزرفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ایک طرف ویژن سے عاری سابق حکمران ہیں جنہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کیا جبکہ دوسری طرف دھرنا گروپ ہے جس نے انتشار کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ دھرنا گروپ کی ہٹ دھرمی نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔ دھرنا گروپ کو عوام کی ترقی اور فلاح کسی صورت گورا نہیں۔ مخالف سیاسی عناصر غائب ہیں کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ بلاجواز شور مچانے والے واویلا کرتے رہ جائیں گے اور پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ افراتفری اور انتشار کی سیاست پہلے کامیاب نہ ہوئی نہ آئندہ کامیاب ہوگی۔ شہبازشریف سے فرانس کی سفیر مارٹن ڈورنس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین معاشی‘ تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے اور فرانس کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن