بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی، نوازشریف، شہبازشریف بلاول کا خدمات پر خراج عقیدت
اسلام آباد /کراچی/لاہور(ایجنسیاں+خصوصی رپورٹر)دکھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کی پہلی برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ گوگل کی جانب سے بھی ایدھی کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ برسی پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں انکی دکھی انسانیت کیلئے ان کی خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا عبدالستار ایدھی کی یاد مناتے ہوئے ضروری ہے کہ ان کا کردار سامنے رکھیں کیونکہ ایدھی نے عمل سے ثابت کیا کہ انسانیت کا احترام ہر مذہب کی بنیاد ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ایدھی نے ہمیں سکھایا کہ خلق خدا سے محبت کیسے کی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایدھی جیسے خدمت گار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں عوام انہیں کبھی نہیں بھولیں گے۔