توہین عدالت کیس :الیکشن کمشن سے آج عمران خان کیخلاف فیصلہ آنے کا امکان
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن میں آج اہم ترین کیسز کی سماعت ہوگی۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں بڑا فیصلہ آنے کی توقع ہے۔ چیف ا لیکشن کمشنرسردار رضا خان کی صدارت میں پانچ رکنی بینچ تحریک انصاف کے منحرف مرکزی رہنماء اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ گزشتہ سماعت پر عمران خان کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا تھا کہ اس پر فیصلہ دیں گے جبکہ تحریک انصاف نے ایک بار پھر وکیل تبدیل کردیا‘ اب ڈاکٹر بابرا عوان آج اپنا وکالت نامہ پیش کریںگے اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260 کوئٹہ چاغی نوشکی میں امیداور کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف الیکشن کمشن میں درخواست کی سماعت بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ اس حلقہ میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 15جولائی کو ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عمران کی طرف سے جواب داخل نہ کرنے اور وکیل بدلنے کابتانے پر چیف الیکشن کمشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران کے جواب کی ضرورت نہیں۔ 10جولائی کو ہم کیس کا فیصلہ سنا دیں گے۔