کرکٹ ہی میرا پہلا پیار ، کھلاڑیوں کو سہولیات دی جائیں:ثنا ءمیر
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ٹیم کی کپتان ثنا میر نے کہا ہے کہ کرکٹ ہی میرا پہلا پیار ہے۔ جب کھیلنا شروع کیا تو سال میں صرف چار انٹرنیشنل میچ ملتے تھے۔بدقسمتی سے پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو آج بھی جو سہولیات مل رہی ہیں وہ ٹیلنٹ دکھانے کے بعد ملی ہیں جبکہ باقی ملکوں میں پہلے کھلاڑیوں پر محنت کی جاتی ہے اور پھر نتائج کی توقع کی جاتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں تب تک کھلاڑیوں کی بہتری کےلیے پیسے نہیں خرچ کیے جاتے جب تک وہ اچھے نتائج نہ لے کر آئیں۔ ثنا میر خواتین کی کرکٹ کی دنیا میں ایسی 29ویں کھلاڑی ہیں جنھوں نے ایک سو ون ڈے میچز کھیلے۔ سپنر ثنا میر بولروں کی آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔ثنا نے کرکٹ کا آغاز دو ہزار پانچ میں 19 برس کی عمر میں کیا۔ اس وقت لڑکیاں ملکی یا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی نہ ہونے کے برابر تھیں۔کسی کو یقین نہیں تھا لڑکیاں کرکٹ کھیل سکتی ہیں۔ کپتان کے طور پر ثنا میر ویمن کرکٹ میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی پانچویں کھلاڑی ہیں۔کرکٹ کھیلنے کے لیے انھیں گھر والوں کی جانب سے بھرپور مدد حاصل رہی۔ ریاضی اور سائنس دونوں مضمون بہت پسند تھے اور ورزش وغیرہ کا بھی شوق تھا۔ 100 ون ڈے میچ کھیلنے کا سوچا بھی نہ تھا کرکٹ سے ہی وابستہ رہوں گی۔