• news

انٹر نیشنل فٹ بالر رابرٹو کارلوس بیٹی کی بیماری کی وجہ سے پاکستان نہ آسکے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق سٹار فٹ بالرز پاکستان میں اپنے فن کا جادو جگا رہے ہیں لیکن برازیل کے سابق لیفٹ بیک رابرٹو کارلوس پاکستان نہیں آ سکے۔نمائشی میچوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے حکام کے مطابق رابرٹو کارلوس اپنی نومولود بیٹی کی بیماری کے باعث پاکستان نہیں آ سکے۔ ایک اور آفیشل کا کہنا ہے کہ تین دن پہلے تک ان کی نومولود بیٹی بیمار تھی تاہم اب وہ قدرے بہتر ہے اور امید ہے کہ کارلوس بھی پاکستان آ جائیں گے۔ 44 سالہ رابرٹو کارلوس رونالڈینیو کے ’قافلے‘ میں شامل ایک بڑا نام تھے جو اب 7 ممبران پر مشتمل تھی۔ان کی عدم موجودگی کے باعث کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ان کی جگہ پاکستان کے سابق سٹرائیکر فاروق شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا جو بہت خوش نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ ”کوئی شک نہیں کہ دنیا کے چند بہترین ناموں کیساتھ کھیلنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ وہ ایک آئیکون ہے اور یہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ ان کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے پاکستان کی مثبت تصویر ابھرے گی اور یہ دورہ پاکستان کیلئے بہت اچھا ثابت ہو گا۔ اس سے ناصرف پاکستان میں فٹ بال کو فروغ ملے گا بلکہ دیگر کھیلوں کی ٹیموں کی پاکستان آمد کا دروازہ بھی کھلے گا۔

ای پیپر-دی نیشن