ملک بچانے کیلئے عبوری حکومت کا قیام ناگزیر ہے: پرویز مشرف
دبئی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عدالت کے پاس عبوری حکومت قائم کرنے کا مینڈیٹ موجود ہے، ملک بچانے کیلئے عبوری حکومت قائم ہونی چاہئے، جے آئی ٹی نے ذمہ داریاں درست انداز میں نبھائی ہیں۔ امید ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ سے قوم مطمئن ہوگی، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نوازشریف کاآدمی ہے اس کے ذریعے الیکشن میں دھاندلی کروا کے نوازشریف اقتدار میںآئے۔ وہ اتوار کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کوخوابوں میں بھی میں نظر آتا ہوں، اچھی بات ہے چلو مخالفین کے اعصاب پرسوار تو رہتا ہوں، ملک بچانے کیلئے عبوری حکومت قائم ہونی چاہیے اور عدالت کے پاس عبوری حکومت قائم کرنے کا مینڈیٹ موجود ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ جب جے آئی ٹی بنی تو میں بھی شک میں مبتلا تھا مگر جے آئی ٹی نے ذمہ داریاں درست انداز میں نبھائی ہیں، حکومت جے آئی ٹی کو دھمکیاں دے رہی ہے، یہ وقت کے فرعون ہیں، جے آئی ٹی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان فرعونوں کو جے آئی ٹی میں پیش ہونے پر مجبور کیا ورنہ یہ لوگ کبھی بھی اپنا احتساب نہیں ہونے دیتے، امید ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ سے قوم مطمئن ہوگی۔ سابق صدر نے کہا کہ نوازشریف کی جلاوطنی کے بعد اسحاق ڈار نے بغیر دبائو کے اعترافی بیان دیا تھا، ہم نے سعودی بادشاہ کے کہنے پر نوازشریف کو جانے دیا تھا کیونکہ وہ پاکستان کے محسن اور ہمارے بھائی جیسے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک میں تیسری سیاسی قوت بناسکتا ہوں مگر مجھے وطن واپسی پر اپنی نقل وحرکت پر پابندی لگنے کا خدشہ ہے، یہ حکومت عدالتوں پر اثرانداز ہوکر میری موومنٹ پر پابندی لگا سکتی ہے اس لئے جب تک مجھے یہ یقین نہیں ہوجاتاکہ میری نقل وحرکت پر کوئی پابندی نہیں لگے گی تب تک میں وطن واپس نہیںآسکتا۔