میانوالی: بیوہ والدہ سے نکاح کرنے پر بیٹوں نے سوتیلے باپ کو قتل کر دیا
میانوالی (نامہ نگار)بیوہ والدہ کے دوسرا نکاح کرنے پر بیٹوں نے سوتیلے باپ کو قتل کر دیا‘ ملزمان پر قبل ازیں مقتول کی بھابی کو قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔ تھانہ صدر میں مقتول کے بھائی محمد حفیظ اعوان کے دئیے گئے بیان کے مطابق وانڈھی آرائیں والی کے سکونتی اس کے بھائی محمد ریاض اعوان کو اسی وانڈھی کے سکونتی ماجد اقبال اور ناصر اقبال نے اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا جب وہ اپنی چنگ چی کے ساتھ جیل والی پلی کے قریب موجود تھا۔ وجہ عناد یہ بیان کی گئی 13 مارچ 2017کو مقتول محمد ریاض نے ملزمان کی بیوہ ماں فتح خاتوں سے نکاح کرلیا تھا جس کیلئے فتح خاتوں کے بیٹے رضامند نہ تھے جس رنجش پر ملزمان نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یاد رہے کہ بیوہ ماں کے دوسرے نکاح کے بعد ملزمان نے محمد ریاض پر بہ نیت قتل فائرنگ کی تھی جن کی فائرنگ سے مقتول کی بھابھی نذیراں بی بی زوجہ محمد حفیظ جاں بحق ہوگئی تھی جس کے قتل کا الزام بھی انہی ملزمان کے سر ہے‘ پولیس تھانہ صدر نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔