اسلام آباد:عسکری قیادت ملک کو کسی انتشار سے بچانے کیلئے مثبت کردار ادا کرسکتی ہے: ذرائع
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی رپورٹ پیش ہوتے ہی ملک میں پہلے سے موجود سیاسی حدت، نکتہ عروج کو چھو رہی ہے۔ دس جولائی کو یہ رپورٹ پیش ہوئی اور اسی روز جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اس اجلاس کے اختتام پر آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ پریس بیان میں محض اتنا کہا گیا ہے کہ شرکاء نے علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا۔ انتہائی احتیاط سے تیار کئے گئے اس بیان میں ملک کی داخلی صورتحال کی طرف ہلکا سا اشارہ بھی نہیں کیا گیا لیکن قابل اعتماد ذرائع کے مطابق ملک کی غیر یقینی سیاسی صورتحال عسکری کمانڈروں کیلئے باعث تشویش ہے اور یہ حالات کسی ناگفتہ بہ صورتحال کا روپ دھارتے ہیں تو ملک کو مزید کسی انتشار سے بچانے کیلئے عسکری قیادت مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔