• news

قائمہ کمیٹی کی وزارت پٹرولیم کو 10لاکھ سالانہ گھریلو کنکشن لگانے کیلئے سفارش

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو 10لاکھ سالانہ گھریلیو گیس کے کنکشن لگانے کی سفارش کردی تاکہ زیادہ سے زیادہ گھریلیو صارفین کو گیس کی سہولت فراہم کی جا سکے، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ ایل این جی مہنگی ہے،متبادل فیول میں ایل این جی سب سے سستی ہے، پنجاب میں 18ویں ترمیم کے بعد 40فیصد گیس کے کوٹہ میں کمی آئی ہے، ایل این جی کی درآمد کے بعد وافر مقدار میں گیس دستیاب ہے، اپنی مدت کے دوران 2ملین سے زائد کے گھریلو گیس کے کنکشن لگالیں گے۔کمیٹی کوپاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے حکام نے آگاہ کیا کہ گزشتہ 9ماہ کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور منافع میں 24فیصد اضافہ ہوا ہے، ڈیفارلٹرز میں اضافہ ہوا ہے،اداروں کے ذمہ پی ایس او کی ڈیفالٹ رقم 131 ارب سے بڑھ کر 171 ارب ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے پی ایس او مالی دباﺅ کا شکار ہے، پی ایس او کا قرضہ 92ارب سے بڑھ کر 127 ارب ہو گیا ہے جو قابل تشویش ہے۔پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کا اجلاس کمیٹی چیئرمین شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا۔پاور سیکٹر کے اداروں نے پی ایس او کو 176 ارب ادا کرنا ہے، جس میں حیبکوکے 42 ارب ،کیپکو 16.9 ارب اور واپڈا کے ذمہ 116 ارب واجب الادا ہیں۔ پی آئی اے نے پی ایس او کے 13 ارب ادا کرنے ہیں، ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے پی ایس او مشکلات کا شکار ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر زاہد میر نے آگاہ کیا کہ کمیٹی کی سفارشات کے تحت او جی ڈی سی ایل نے کارپوریٹ سیٹوں کی تعداد 250 سے بڑھا کر 300 کر دی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کے تحت میڈیکل کی سہولت کو غلط استعمال کرنے کے حوالے سے کارروائی کی گئی اور 18 ملازمین کو سزا دی گئی ہے۔

ایک ملین کی ریکوری کی گئی ہے۔ ٹنڈو آدم خان میں ڈیزل کی چوری کے حوالے سے انکوائری کی گئی ہے، معاملہ پر نیب کارکردگی کر رہا ہے، 328 ملین کی کرپشن کی گئی ہے اور نیب نے 31 ملین کی ریکوری کی ہے۔ ضلع کرک، ہنگو میں گیس چوری کے حوالے سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ کمیٹی نے 10 لاکھ کنکشن لگانے کی سفارش کی۔

ای پیپر-دی نیشن