ترقی کا سفر مکمل کریں گے‘ مختلف منصوبوں میں220 ارب بچت سے نئی روایت قائم کی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کیلئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام دیا ہے۔ پنجاب کا تاریخی ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی نوید ہے اور رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 635 ارب روپے رکھا گیا ہے جو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے ہیں ۔ تعلیم، صحت، زراعت‘ پینے کے صاف پانی اور سوشل سیکٹر کیلئے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کو مکمل کر کے عوام کا معیار زندگی بلندکریں گے۔ کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کے فروغ کیلئے خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے اور رواں مالی سال جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے اضافی فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور فلاحی و ترقیاتی پروگراموں میں بھی جنوبی پنجاب کا حصہ زیادہ رکھا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال پروگرام اور منصوبے رکھے گئے ہیں اور مختلف منصوبوں میں حکومت پنجاب نے 220 ارب روپے کی شاندار بچت کرکے نئی روایت قائم کی ہے۔ ترقی کا جو سفر شروع کر رکھا ہے، اسے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ کسانوں کی خوشحالی کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے گئے ہیں۔ ملالہ ڈے پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی نے اپنی بہادری اور شجاعت سے پاکستانی طالبات کیلئے ایک مثال قائم کی ہے اور ملالہ یوسفزئی کی فروغ تعلیم اور انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے جدوجہد مشعل راہ ہے۔ بلاشبہ ملالہ یوسفزئی نے کم عمری میں کامیابیوںکا سفر طے کیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے بربریت کے دور میں امن اور علم کی شمع روشن کرکے انتہاپسندی کے خلاف علم بلند کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے شکرگڑھ کے سرحدی قبصے سکھوچک میں سلنڈر پھٹنے سے 3 کمسن بچیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’’پاکستان ٹائمز‘‘ کے سابق ایڈیٹر عبدالوحید بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔