• news

جے آئی ٹی رپورٹ : سٹاک مارکیٹ کریش‘4 کھرب روپے ڈوبے‘ انڈیکس گرنے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

کراچی (سٹاف رپورٹر) حکومت کو درپیش بحران اور جے آئی ٹی رپورٹ پیش ہونے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج منگل کو ایک بار پھر بُری طرح کریش ہوگئی۔ مارکیٹ میں زبردست مندی پائی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 2153 پوائنٹس گر گیا اور44 ہزار 120 کی سطح پر بند ہوا۔ پیر کو کے ایس ای انڈیکس 46ہزار 273 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ منگل کو سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 4کھرب 2 ارب روپے ڈوب گئے اور انڈیکس گرنے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ انڈیکس 4.65 فیصد گرا۔ گزشتہ ہفتے بھی انڈیکس 19 سو پوائنٹس گرا تھا۔ مارکیٹ کا سرمایہ 94کھرب 58ارب 94کروڑ 50 لاکھ سے کم ہوکر 90کھرب 56 ارب 69 کروڑ رہ گیا۔ منگل کو سٹاک مارکیٹ میں 368کمپنیوں کے سودے ہوئے جن میں 334کمپنیوں کے سودوں میں مندی پائی گئی صرف 24کمپنیوں کے سودوں میں تیزی رہی اور10کمپنیوں کے سودوں میں استحکام پایا گیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک مارکیٹ کا کے ایس ای 30انڈیکس سمیت تمام انڈیکس گرگئے کے ایس ای 30انڈیکس 1200 پوائنٹس کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 1376پوائنٹس کے ایم آئی 30 انڈیکس 3950پوائنٹس پی اے ٹی آئی انڈیکس 940 پوائنٹس جی ٹی آئی انڈیکس 829پوائنٹس اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 933پوائنٹس گر گیا۔ منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس 22 ہزار899 پوائنٹس پر کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 30 ہزار 948 پوائنٹس جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 75ہزار330پوائنٹس‘ جی اے ٹی آئی انڈیکس 17ہزار728پوائنٹس او جی ٹی آئی انڈیکس 15ہزار 832پوائنٹس اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 21ہزار529 پوائنٹس پر بند ہوا۔ منگل کو کولگیٹ کے حصص سب سے زیادہ 40روپے بڑھ گئے۔ دوسرے نمبر العباس شوگر کے حصص بڑھے جن کی مالیت 8ارب 90 پیسے تھی سب سے زیادہ باٹا کے شیئر گرے جن کی مالیت 167روپے تھی جبکہ فلپس مورس کے 143روپے کے حصص گرے۔ آن لائن کے مطابق اطلاعات کے مطابق کاروبار کے آغاز میں ہی صرف4منٹ کے دوران100انڈیکس میں1550پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں وزیر اعظم نوازشریف، حسین نواز اور حسن نواز جبکہ مریم نواز کے بیانات اور پیش کردہ شواہد کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن