ملائیشیا کے آرمی چیف کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں‘ سلامتی، دفاع پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ملائیشیا کے آرمی چیف جنرل د توسری ذوالکفل بن حاجی قاسم نے گزشتہ روز پاکستان کی عسکری قیادت کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات میں تربیت، سلامتی اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان جنرل کو بری فوج کے آپریشنل معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فضائیہ ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ائیرچیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔انہیں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر ایک بریفنگ دی گئی۔ مہمان جنرل نے دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کو بھی سراہا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین باہمی ٹریننگ اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر بھی زور دیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ ملائشین جنرل نے نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سے ملاقات کی۔