• news

ہائیکورٹ کے ڈبل بنچ نے رجسٹرار سمیت 3 افسروں کو شوکاز نوٹس معطل کر دیئے

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے مقدمات کی پیشی میں بدانتظامیوں پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ خورشید رضوی، ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد اور ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل شبیر شاہ کو جاری ہونیوالے توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز معطل کر دیئے۔ دو رکنی بنچ نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ خورشید رضوی سمیت تینوں افسروں کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے کیس مینجمنٹ میں خامیوں اور جسٹس امیر بھٹی کی عدالت کے مقدمات فاضل جج کے روبرو پیش کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تینوں افسروں کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی اور ان افسروں کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ تینوں افسروں نے شوکاز نوٹسز کو انٹرا کورٹ اپیل کے ذریعے چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا معزز جج کو انتظامی معاملات میں بدانتظامی پر افسروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار نہیں لہذا شوکاز نوٹسز کالعدم کئے جائیں، دو رکنی بنچ نے شوکاز نوٹسز معطل کرتے ہوئے مزید سماعت پچیس جولائی تک ملتوی کر دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن