آپریشن ردالفساد میں بڑی کامیابی‘ کوہاٹ ٹنل کے قریب سے ٹرک میں بھرا اسلحہ برآمد‘ 2 دہشت گرد گرفتار
راولپنڈی/ لاہور (صباح نیوز+ نامہ نگار) پاک فوج نے آپریشن ردالفساد میں ایک بڑی کامیابی حاصل کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ ٹنل کے قریب آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے جس میں بڑی تعداد میں پستول، ایس ایم جیز، رائفلز اور ایمونیشن سے بھرے بکسز شامل ہیں۔ یہ اسلحہ ایک سول ٹرک میں درہ آدم خیل سے وانا کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔ اسلحہ ٹرک کے نچلے حصے باڈی میں چھپایا گیا تھا آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دو دہشتگردوں کو بھی حراست میںلے لیا۔ سکیورٹی فورسز نے تین سو 30 بور پستول، 30 بور پستول ایم ایس بی ایس پی، چھ 30 بور موزر، 5 زیگانہ پسٹل، 16 زیگانہ کیموفلیچ، 30 بریٹا بلیک، 4 پیٹروبریٹاگولڈن، 20 سمتھ اورویسن، 10 والتھر برآمد کئے گئے۔ پستولوں کی تعداد 614 جبکہ پسٹل میگزین کی تعداد 579 ہے۔ دیگر خودکار اسلحہ سمیت مختلف ہتھیاروں کے 7 ہزار گولیوں کے رائونڈ بھی برآمد کئے گئے۔ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 21 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے گیسٹ ہائوسز، فیکٹریوں، ہوٹلز، سرائے پر بھی چیکنگ کی اور شہریوں کے بائیومیٹرک مشینوں سے کوائف چیک کئے۔