• news

جے آئی ٹی رپورٹ تضادات کا شاہکار‘ عمران چور دروازے سے اقتدار حاصل نہیں کر سکتے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان تمام تر کوششوں کے باوجود چور دروازے کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کر سکتے۔ پرویز مشرف کے دور سے لے کر آج تک عمران خان نے ہمیشہ سیاست میں مصنوعی سہارے ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ کاش وہ ایسا کرنے کے بجائے جمہوری عمل اور عوام پر بھروسہ کرتے۔ قدرت نے عمران خان کو کے پی کے میں ایک نادر موقع دیا تھا مگر انہوں نے وہاں زندگی کے تمام شعبوں میں ناقابل رشک کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ثابت کر دیا کہ عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیں جن کی سیاست کا تمام تر دار و مدار سازشوں، دروغ گوئی، الزام تراشی اور دشنام طرازی پر ہوتا ہے۔ اس وقت عمران خان کی تمام تر توقعات کا دار و مدار جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مبنی ایک ایسی دستاویز پر ہے جس کے مندرجات تضادات کا شاہکار ہیں اور جو اپنے منظر عام پر آنے سے پہلے متنازعہ ہو چکی ہے۔ عمران نے میرے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی دھمکی دی ہے۔ میں اس ریفرنس کا انتظار کروں گا اور مجھے یقین ہے کہ نیازی صاحب اس ریفرنس کے بعد عدالت کا سامنا کرنے سے انہی حیلہ تراشیوں سے کام لیں گے جن کے حوالے سے وہ پاکستان کی عدالتی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ میرے خلاف عمران کی ہرزہ سرائی نئی بات نہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ ایسے کئی بے بنیاد اور لغو الزامات لگا چکے ہیں اور میں نے ان پر ایسی ہی ایک دروغ گوئی پر 10 ارب روپے کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ اس شخص نے لاہور میں 23 مارچ 2013 کے جلسہ عام میں اپنی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ میں آئندہ جھوٹ نہیں بولوں گا۔ مگر افسوس صد افسوس یہ اعلان ایک اور جھوٹ ثابت ہوا اور اگر آج عمران خان کی سیاست سے جھوٹ اور گالیاں نکال دی جائیں تو اس میں کچھ باقی نہیں بچے گا۔ شہباز شریف نے سینئر صحافی ہمایوں سلیم کی صاحبزادی، سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک جلال دین ڈھکو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن