سی پیک کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے‘ تمام قومی اداروں کو تعاون کرنا ہو گا: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان چین معاشی راہداری کے تاریخی موقع سے صرف اسی صورت میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں جب ہم اس کیلئے یکسو ہو کر تیاری کریں گے۔ تمام قومی اداروں کو منصوبہ کی کامیابی کیلئے اشتراک اور تعاون کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ راہداری کا منصوبہ، پاکستان، مغربی چین اور پورے خطہ کیلئے ’’گیم چینجر‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان کو چین کے ساتھ برادرانہ اشتراک اور تعلقات پر فخر ہے۔ ہم معاشی راہداری منصوبہ کو انشاء اللہ کامیاب بنائیں گے، فوج اس منصوبہ کو سلامتی فراہم کرے گی جب کہ دیگر قومی ادارے بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آگے بڑھیں۔ اپنے معاشی ویژن کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ میرا خواب ہے کہ 2030ء تک جب ہم چین کے ساتھ شراکت کا موجودہ مرحلہ مکمل کر لیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز پاکستان چین معاشی راہداری کے حوالہ سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات افواج، عوام، حکومت، سمیت ہر سطح پر محیط ہیں۔ جنوبی ایشیاء کے بعض ملکوں کے برعکس ہم اپنی توانائیاں امن پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان کا ہر فرد معاشی راہداری کے ثمرات سے فائدہ اٹھائے اور اس کام کیلئے عمدہ لیڈر شپ، اجتماعی جذبہ اور بڑے پیمانے اور بڑی سطح پر اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔ پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہے، فاٹا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں امن بحال کر دیا گیا، معاشی مرکز کراچی میں صورتحال معمول پر آ رہی ہے، بلوچستان میں نمایاں طور پر امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی۔ قوم کو مکمل حمایت کے ساتھ ہم ثابت قدمی اور یقینی پیش رفت کے ساتھ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے پاک ملک بنا رہے ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو یقین دھانی کرائی کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں متحرک ہیں اور سی پیک کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، کسی کو منصوبے کے حوالے سے ہمارے عزم پر شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے،کوئی بھی رکاوٹ آئے لیکن ہم سی پیک کو انشااللہ ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔ ہمیں پاکستان کو آنے والے سالوں میں اقتصادی طاقت بنانے کیلئے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا،میں چاہتا ہوں کہ ہمارے کاروباری افراد چینی بھائیوں کے ہاتھوں میں ہاتھ دیں اور اس خواب کو حقیقت میں بدل دیں،2030 تک اقتصادی شراکت داری کی کامیابی میرا خواب ہے، جب ہم دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کا موجودہ مرحلہ مکمل کریں گے پاکستان متوسط آمدنی والے ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ منصوبہ کی کامیابی کیلئے ایک بڑی حکمت عملی کے تحت ہمیں تمام تجارتی راہداریوں کو، معاشی راہداریوں میں بدل کر مواصلات کا ایسا انفراسٹرکچر ترتیب دینا پڑے گا جس کی بدولت ہم راہداری منصوبہ کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کو روانی سے جاری رکھ سکیں۔ ہمیں اپنے موجودہ قوانین اور قواعد و ضوابط کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تا کہ تجارتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو سہولیاتی فریم ورک مہیا کیا جا سکے۔ آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک ایک طرف علاقائی معیشتوں کے درمیان اقتصادی ربط میں اضافہ کرے گا اور پاکستان کے کئی علاقوں میں ترقی کے خلاء کو کم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو کامیابی کے لئے امن و استحکام ضروری ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فرانسیسی سفیر مسز مارٹین ڈورینس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ افغان بارڈر پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔