چین نے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پھر تعاون کی پیشکش کر دی
بیجنگ (ایجنسیاں) چین نے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک بار پھر تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے تعلقات کی بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی برادری کی بہت زیادہ توجہ حاصل ہو رہی ہے پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیاء کے اہم ممالک ہیں دونوں ممالک کے درمیان ایل او سی پر کشیدگی پر تشویش ہے کشمیر میں ایل او سی پر تنازعہ سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن واستحکام کو نقصان پہنچے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں فریق خطے میں امن و استحکام میں اضافے اور کشیدگی سے گریز کیلئے مزید اقدامات کر سکتے ہیں اور بیجنگ دونوں ممالک میں تعلقات کی بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔