• news

سپریم کورٹ نے ڈبہ پیک دودھ صحیح قرار دیا اور حکومت پابندی کا قانون لا رہی ہے: انجم سلیم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈیری ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین انجم سلیم نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے تمام کمپنیوں کے ڈبے میں بند دودھ کو صحیح قرار دے دیا ہے اور پنجاب حکومت کھلے دودھ پر پابندی لگانے کا نیا قانون لا رہی ہے ۔ گزشتہ روزڈیری ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ٹیٹرا پیک کی جانب سے ڈبے کے دودھ اور اس کی پیکنگ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کھلے دودھ میں تین چار منٹ بعد جراثیم پرورش پا جاتے ہیں لیکن ڈبے میں پیک دودھ کی زندگی تین ماہ تک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبے کے دود ھ کے خلاف پہلے پروپیگنڈہ کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں اور حکومت پنجاب نے بھی اب عدالت کے حکم کو مان لیا ہے۔ تقریب کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے اینگرو فوڈ کے ڈاکٹر محمد ناصر نے بتایا کہ دنیا بھر میں ڈبے میں پیک دودھ کو ہی استعمال کیا جاتا ہے صرف پاکستان سمیت دو تین ملک ہیں جہاں کھلے دودھ کو استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبے کے دودھ اور کھلے دودھ کے ذائقے میں فرق ہو سکتا ہے لیکن صحت کے لیے مضر نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن