کوئٹہ :ٹارگٹ کلنگ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید ڈرائیور زخمی
کوئٹہ+ اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ + خصوصی رپورٹر)کوئٹہ میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس پی مبارک شاہ سمیت 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا ۔جمعرات کی صبح گیارہ بجے کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی دیبہ میں ایس پی قائد آباد مبارک شاہ کی گاڑی کو اس وقت ٹارگٹ کیا گیا جب وہ گھر سے دفتر جارہے تھے۔ ڈی آئی جی ۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کے مطابق جس علاقے میں ایس پی کونشانہ بنایا گیا وہ انتہائی گنجان آباد اور کاروباری علاقہ ہے۔ ہسپتا ل انتظامیہ کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ 4 روز کے دوران یہ پولیس افسروں کو نشانہ بنانے کا دوسرا واقعہ ہے۔ 10 جولائی کو چمن میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں ڈی پی او ساجد مہمند اپنے گارڈ سمیت شہید ہو گئے تھے۔ شہید اہلکاروںکے نام مدثر‘ محمد عرفان‘ سید فضل معلوم ہوئے ہیں۔ صدر ممنون ‘ ورزیراعظم نوارزشریف‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف‘وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، گورنر محمد خان اچکزئی اور صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بدامنی اور خوف پھیلانے والے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا سکیورٹی اہلکاروں پر حملے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو مرعوب نہیں کرسکتے، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دی جانے والی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ حکومت سکیورٹی ادارے اور عوام مل کر بلوچستان سے دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکیں گے۔وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں پولیس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس ایس پی سمیت 4اہلکاروں کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سکیورٹی اداروں اور عوام کے تعاون سے ناکام بنادینگے۔وزیراعظم نے کہا ایسے واقعات سے سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ،بلوچستان میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم دہشت گردوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد بلوچستان کے امن میں خلل ڈال کر سی پیک سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو روکنا چاہتے ہیں جن کے ناپاک عزائم سکیورٹی اداروں کیساتھ ملکرعوام کے تعاون سے ناکام بنائیں گے اور دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔