.جناب وزیراعظم! میں وفادار نہیں تو پھر حسن اور حسین نواز بھی نہیں‘ نثار
اسلام آباد ( محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان خوبصورت جملوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام اور محبت کے جذبات کا اظہار کیا گیا ۔ نثار علی خان جن کی ’’خاموشی‘‘ کے بارے میں سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں ‘ جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کرکے اپنے بارے میں تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا۔ پچھلے کئی ٹی چینلوں پر تبصرے کئے جارہے تھے نثار نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ ’’جناب وزیراعظم میں 1985ء سے آپ کے ساتھ ہوں کوئی میری وفاداری پر انگلی نہیں اٹھا سکتا اگر میں وفادار نہیں تو پھر حسن ‘ حسین نواز بھی وفادار نہیں‘‘ چوہدری نثار علی خان نے اپنے خطاب میں مشاورتی عمل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سوچ بچار کے بعد کئے گئے فیصلے دوررس نتائج کے حامل ہوتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے جواب میں کہا کہ لوگ کہتے ہیں لحاظ میری طاقت اور لحاظ ہی مری کمزوری ہے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ کسی سے بے وفائی نہ کروں پرانے ساتھیوں کا میرے دل میں لحاظ ہے ‘‘ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان کے دوران غیر معمولی ہم آہنگی دیکھنے میں آئی کابینہ کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق کی شرکت کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے ۔