سی پیک ٹیم، چینی وفد نے ٹرین پر لاہور سے راولپنڈی تک سفر کیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن چائنہ کے وفد نے گزشتہ روز پاکستان ریلوے کی سی پیک ٹیم کے ہمراہ لاہور سے راولپنڈی تک سپیشل ٹرین کے ذریعے سفر کیا دوران سفر وفد کے 8ارکان سمیت چائنہ کی بڑی بڑی کنسٹرکشن اور ڈیزاننگ کمپنیوں کے45رُکنی ماہرین بھی موجود تھے جو راستے میں مختلف جگہوںکا معائنہ کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچے لاہور ریلوے ا سٹیشن پر پاکستان ریلوے کے سی پیک ٹیم لیڈر محمد اشفاق خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت فی الحال 870ارب روپے کا پراجیکٹ ہے جسے چائنیز حکومت بھی مانیٹر کر رہی ہے اور ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اس کو شروع کیسے کرنا ہے اس کاابتدائی ڈیزائن تیار ہو چکا ہے جسے چینی ماہرین نے بڑی محنت اور جانفشانی سے کم عرصے میں مکمل کیا ہے۔ اس پراجیکٹ میں ابتدائی طور پر مین لائن ون اور حویلیاں ڈرائی پورٹ شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیز ون کو جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔
اور اُمید ہے کہ ستمبر ،اکتوبر میں پراجیکٹ پر کام شروع ہو جائے گا ۔ تین چار اہم پراجیکٹ ہیں جن میں لاہور ۔ملتان 339کلو میٹر، نواب شاہ ۔روہڑی 185کلومیٹر کو اپ گریڈ کیا جائے گا پشاور سے راولپنڈی پر کام ایک ہی دفعہ شروع ہو سکے گا چوتھا کالووال ۔ پنڈورا 52کلومیٹر ٹریک اگر سیدھا ہو جائے گا تو لاہور اور راولپنڈی کا فاصلہ سوا تین گھنٹے کا رہ جائے گا۔