• news

مسلسل غیر حاضری پر عمران‘ طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

اسلام آباد ( وقائع نگار) انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے دہشت گردی کے مقدمے سے مسلسل غیرحاضری پر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریونیو آفس کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے دہشت گردی کے مقدمے سے مسلسل غیر حاضری پر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ اشتہاری ملزموں کی جائیدادوں کی قرقی کیلئے متعلقہ تھانوں اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے، ملزموں پر ریڈ زون میں توڑ پھوڑ اور سرکاری ٹی وی چینل پر حملے، ایس ایس پی اسلام آباد کو بھی زخمی کرنے کا الزام ہے۔ بی بی سی کے مطابق عدالت نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ سے دونوں کی پاکستان میں موجود جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں اور جلد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت ان دونوں جماعتوں کے سربراہوں کو مقدمات میں پیش نہ ہونے پر پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن