• news

فوج عوام کے لئے ہے ان کی حمایت سے ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے: آرمی چیف

کوئٹہ/ راولپنڈی (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان ان کی توجہ کا مرکز، صوبہ کے عوام کو دیگر صوبوں کی طرح خوشحال بنانا اہم مقصد ہے ،فوج پاکستان کے عوام کیلئے ہے، انکی مکمل حمایت سے اپنی ذمہ درایاں سرانجام دیتے رہیں گے، فوج ایف سی پولیس انٹیلی جنس اور دیگر ایجنسیوں بشمول صوبائی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششیں لائق تحسین ہیں، سماجی اقتصادی حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے نتیجہ میں قابل ذکر طور پر فراری ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوئے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کو جنوبی کمان ہیڈ کوارٹرز اور ایف سی بلوچستان ہیڈ کوارٹرز (نارتھ) میں صوبے کی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا فرقہ ورانہ ٹارگٹنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ مایوس دہشت گرد اب قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے خاص طور پر سماجی اقتصادی حوالے سے کی جانیوالی کوششوں کی تعریف کی جس کے نتیجہ میں قابل ذکر طور پر فراری ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوئے ہیں۔ بعدازاں آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے تبادلہ خیال کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ قبل ازیں آرمی چیف کی کوئٹہ آمد پر کمانڈر جنوبی کمان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔ صباح نیوز کے مطابق حکام کی جانب سے آرمی چیف کو کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے سی پیک اور گوادر سے متعلقہ معاملات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا جبکہ کالعدم تنظیموں کے کارندوں کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن