قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی، فیڈریشن کا مینجمنٹ کیخلاف فیصلہ کیلئے تذبذب کا شکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن ٹیم مینجمنٹ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ لینے کےلیے تذبذب کا شکار ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کسی بھی قسم کی تنقید سے بچنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں سے کترا رہی ہے۔ نئی ٹیم مینجمنٹ لانے کے حوالے سے متعدد میٹنگز اسلام آباد اور لاہور میں کی لیکن حکام کسی بھی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے حکام پر واضح کر دیا ہے کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں ورلڈ کپ 2018ءکے لیے کوالیفائی کرنے کا ٹاسک دیا تھا جس پر وہ پورا اترے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم مینجمنٹ شکست کی تمام ذمہ داری کھلاڑیوں پر ڈال کر خود بری الذمہ ہونے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق عہدیدار ”این آر او“ کے تحت چپ سادھے ہوئے ہیں۔