مایوسی کی کوئی بات نہیں‘ ”ست خیراں ہیں پاکستان کی“: سعد رفیق
اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چار دفعہ مارشل لاءلگنے کے باوجود پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہے ، پاکستان ٹوٹنے کے جھٹکے کے بعد بھی پاکستان سنبھل گیا۔ سیاسی جماعتوں میں بلوغت آرہی ہے، اگر کسی میں نہیں ہے تو تین چار برس میں آجائے گی۔ ہم انتہا پسندانہ سوچ کو مسترد کرتے ہیں۔ دہشت گردی کی وباءنے ہمیں نقصان پہنچایا۔ مشکلات اور حوادث کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ مایوسی کی کوئی بات نہیں ”ست خیراں ہیں پاکستان کی“ جب سیاستدان ایک دوسرے کی بُرائیاں کرتے ہیں تو قوم اسے سنجیدہ نہ لے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ادب و ثقافت عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ دلکش نہیں ہے۔ اپنی تاریخ میں ہم نے فراز کی نسبت نشیب زیادہ دیکھے ہیں۔ 26 برس تک آئین کے بغیر ملک چلایا گیا جس کا خمیازہ سقوط ڈھاکہ کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ آج ایک جمہوری حکومت کو اس کے پانچ سال مکمل نہیں کرنے دیئے جا رہے ۔ وہ پاکستان کی 70سالہ جشن آزادی کے حوالے سے لوگو کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو دباﺅ میں لانے کے عمرانی حربے ناکام ہونگے۔ پاٹے خان صاحب ہمت اور حوصلہ پیدا کرو۔ نوازشریف کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرو۔ عمران کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ ہم سازشوں اور دھمکیوں سے ڈرنے اور جانے والے نہیں۔ وزیرمملکت طارق فضل چودھری نے کہا مسلم لیگ (ن) جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے اعتراضات سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔ طلال چودھری نے کہا مسلم لیگ (ن) کو پارلیمنٹ میں سادہ اکثریت حاصل ہے۔ وزیراعظم اپوزیشن کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا عمران خان 2013ءکے الیکشن کا صدمہ فراموش نہیں کر سکے۔ ہم بددیانت ہوتے تو ملک کے خزانے نہ بھرتے اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سی پیک کے ذریعے نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف سازش ہمارے معاشی منصوبے کے خلاف ہے۔ وزیراعظم کے ہاتھ صاف ہیں۔
مسلم لیگ (ن)