بھارت سے تعلقات بڑھائیں امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کی دفاعی امداد پر سخت شرائط کا بل منظور کرلیا
واشنگٹن (صباح نیوز+ آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان نے بھارت سے دفاعی تعاون بڑھانے اور پاکستان کی امداد پر سخت شرائط عائد کرنے کا بل منظور کرلیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے 621.5 ارب ڈالر کا دفاعی پالیسی بل منظور کیا جس میں پاکستان کو دی جانے والی امداد پر سخت شرائط عائد کردی گئیں جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کو بھارت سے دفاعی تعاون میں اضافے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایوان زیریں میں قومی دفاعی پالیسی بل 2018ء پیش کیا گیا جس کے حق میں 344 اور مخالفت میں 81 ووٹ ڈالے گئے اور یہ بل یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔ اس بل میں پاکستان کو دی جانے والی دفاعی امداد پر سخت شرائط عائد کردی گئی ہیں۔ نئی شرائط کے تحت پاکستان کو امداد کے حصول کیلئے اپنے ہاں موجود نیٹو سپلائی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں مدد کیلئے واضح اقدامات کرنے ہوں گے۔ سرحد پار سے ہونے والے حملوں کو روکنا ہوگا اور بارودی سرنگوں (آئی ای ڈیز)کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مناسب کارروائی کرنا ہوگی۔ بل کے تحت یکم اکتوبر 2017ء سے 31 دسمبر 2018ء تک پاکستان کیلئے مختص کردہ 40 کروڑ ڈالر امداد اس وقت تک نہیں دی جائیگی جب تک امریکی وزیر دفاع اس بات کی تصدیق نہ کردیں کہ پاکستان شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف مسلسل فوجی آپریشن کر رہا ہے۔ شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کو محفوظ پناہ گاہیں قائم کرنے سے روک رہا ہے اور پاک افغان سرحد پر عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کو روکنے کیلئے افغان حکومت سے مکمل تعاون کر رہا ہے۔ دفاعی پالیسی بل میں پاکستان پر سخت شرائط عائد کرنے کی ترامیم ارکان اسمبلی ڈاناروہرا باچر اور ٹیڈ پو کی جانب سے پیش کی گئیں جن میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ہیرو قرار دیا گیا۔ دوسری جانب اسی بل میں بھارت سے دفاعی تعاون میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی جس میں بھارتی لابی سے تعلق رکھنے والی امریکی رکن اسمبلی ایمی بیرا نے نمایاں کردار ادا کیا جس کے تحت امریکی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کو 6 ماہ کے اندر اندر بھارت و امریکہ کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دفاعی پالیسی بل اب سینٹ میں پیش کیا جائیگا جہاں سے منظوری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسکی حتمی منظوری دیں گے جس کے بعد یہ قانون بن جائیگا۔